قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی پرتازہ بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم ازکم ایک شہری شہید اورپندرہ زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام غزہ کے مشرقی علاقوں میں کئی مقامات پراسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی۔ بمباری کے نتیجے میں کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے جنوب مشرق الزیتون کالونی میں اسرائیل کے ڈرون طیاروں کےذریعے فلسطینیوں کے ایک گروپ پرمیزائل داغا گیا جس کے نتیجےمیں ایک شہری موقع ہی پردم توڑ گیا جبکہ ایک درجن افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی میڈیکل وایمرجنسی سروس کےترجمان ادھم ابوسلمیہ نے مرکزاطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگومیں بتایا کہ اسرائیل کے بغیر پائلٹ کےذریعے کیے گئے حملے میں شہید ہونے والےشہری کی میت غزہ کے اسپتال میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ غزہ کے وسط میں المغازی کے مقام پربھی رات گئے اسرائیلی فوجی طیاروں نے بمباری کی ہے تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔ ادھر دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے ملٹری ونگ القدس بریگیڈ نے اعتراف کیا ہے کہ اتوار کی شام صہیونی فوج کی فضائیہ کی بمباری میں تنظیم کاایک رکن شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیاہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔