اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کے جنوبی ضلع رفح میں موجود اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ کی گئی خوفناک بمباری میں مزاحمت کاروں کا بڑا جانی و مالی نقصان ہوا۔ کچھ روز سے جاری غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی غارت گریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ہفتہ کی صبح غزہ کے علاقوں خان یونس اور نصیرات کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس میں کوئی بڑا جانی و مالی نقصان نہ ہوا تھا ان حملوں کے چند گھنٹوں بعد جنوبی ضلع رفح میں کی گئی بمباری میں ایک مکان کو ہدف بنایا گیا جس کی زد میں آ کر قریب سے گزرنے والے متعدد فلسطینی بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کی چند ساعتوں بعد ہی مشرقی رفح میں القسام بریگیڈ کے ایک اڈے پر غارت گری کر دی گئی جس سے یہ تربیت گاہ بھی تباہ ہو گئی ہے۔ فلسطینی میڈیکل سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ نے حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رفح پر کیے جانے والے حملوں میں زخمی ہونے والے چار افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے زخمیوں میں سجا ھیثم ابو شرخ نامی ادھے سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ ابو سلمیہ کے بہ قول شمالی غزہ کے علاقے بیت لاھیا میں بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے ایک فلسطینی مزدور کو زخمی کر دیا ہے۔