مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی گاؤں عیسویہ میں رات گئے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا جس کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور صہیونی فوجیوں کے مابین شدید جھڑپیں شروع ہو گئی اور علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ مقامی ذرائع کے مطابق گاؤں کی مشرقی چیک پوسٹ پر اسرائیلی اہلکاروں نے عربی نوجوان کو روک کر تلاشی شروع کر دی جس پر موقع پر موجود دیگر نوجوانوں نے پتھراؤ شروع کر دیا، اسرائیلی فوج نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی جس سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا جس کے بعد شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ نوجوانوں نے فرنچ ہل تا معالی ادومیم شاہراہ پر شدید پتھراؤ کیا جس پر اسرائیلی فوج کو شدید ہزیمت اٹھانا پڑی۔ ذرائع نے بتایا کہ فلسطینی نوجوانوں نے چار پٹرول بم بھی اسرائیلی سرحدی گارڈز پر پھینکیں تاہم کسی بھی جانی و مالی نقصان کے متعلق معلوم نہیں ہو سکا ہے۔