اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے ستمبر سے پہلے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کا اعلان کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ حماس کے مطابق قومی مفاہمت کے حصول کے بغیر الیکشن کا اعلان فلسطینی اتھارٹی کے جرائم کی پردہ پوشی کی ایک کوشش ہے۔
حماس کے میڈیا ترجمان نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا ’’حماس اور پوری فلسطینی قوم قومی مفاہمت کے بغیر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس اعلان کو اسرائیل کو مجرمانہ رعایتیں دینے والے گروپ کے جرائم کی پردہ پوشی کی کوشش شمار کرتے ہیں۔ القدس اور مقدس مقامات کے معاملے پر خفیہ مذاکرات میں اسرائیل کو رعائتیں دینے، وطن فروشی اور مجاہدین کے خلاف سازش کرنے والے کے بعد فلسطینی اتھارٹی اپنی ہزیمت کو مٹانا چاہتی ہے‘‘
حماس نے کہا کہ ’’ایگزیکٹو کمیٹی صرف اپنی نمائندگی کرتی ہے کہ اسے قوم کی نمائندگی کا کوئی حق نہیں۔ قومی مفاہمت کے بغیر انتخابات کو تمام فلسطینی دھڑوں اور شخصیات نے مسترد کر دیا ہے۔
حماس نے کہا کہ سلام فیاض کی حکومت تاحال اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور مغربی کنارے میں مزاخمت کاروں کے خلاف مختلف سازشوں میں مصروف ہے۔ اپنی ان کارروائیوں سے وہ صرف اپنے آپ کو ہی دھوکہ دے رہے ہیں۔