ترکی کے وزیراعظم رجب طیب ایردوان نے مصری صدر حسنی مبارک پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے حالات اورعوامی مطالبات کے پیش نظر صدارت سے جلد از جلد الگ ہو جائیں. ان کا کہنا ہے کہ صدر مبارک کی جانب سے اپنے عہدے کو اس سال ستمبر تک طوالت دینے کا کوئی جواز نہیں، اس سے ملک کے داخلی حالات مزید گھمبیر ہو جائیں گے. کرغیزستان کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیراعظم نے کہا کہ صدرمبارک ان کے دوست ہیں اور وہ اپنے دوست کو اس وقت یہی بہتر مشورہ دیں گے کہ وہ عوامی مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے صدارت کے منصب سے الگ ہو جائیں. ایک سوال کے جواب میں ترک وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں کابینہ ، وزراء یا وزیراعظم کی تبدیلی کافی نہیں، کیونکہ موجودہ سسٹم پر عوام کااعتماد ختم ہو چکا ہے. اس کا بہتر حل یہی ہے کہ مصری صدر صدارت کے منصب سے الگ ہو جائیں