اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ فتح کی فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی موقف سے انحراف کرنے کے ساتھ قومی مزاحمت کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں میں بھی شرکت کی ہے لہذا اب اس غدار گروپ کا راستہ روکنے کے لیے عوام کو سڑکوں پر آنا ہو گا۔ ڈاکٹر سامی ابو زھری نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ الجزیرہ کی جانب سے تیسرے دن کی خفیہ دستاویز سے فلسطینی اتھارٹی کے اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے متعلق خطرناک انکشافات کیے گئے ہیں۔ یہ دستاویز فلسطینی مزاحمت کاروں کے قتل میں اتھارٹی کی قیادت کی شرکت اور غزہ محاصرے کو سخت کرنے کی اس کی شدید خواہش پر ثبوت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان دستاویز سے معلوم ہوتا ہے کہ فلسطینی حکومت کی قیادت غزہ میں حماس کے خاتمے کے ڈایٹون پلان کا حصہ اور مغربی کنارے میں حماس کے خاتمے کے لیے اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی تعاون میں شریک ہے۔ ابوزھری نے زور دے کر کہا کہ دستاویز سے ثابت ہو گیا کہ اوسلو فریق اسرائیل کے حلیف اور ہم نوا ہے۔ فلسطینی مسلمہ اصولوں سے کنارہ کشی کرنے کی پاداش میں عوام کو سڑکوں پر آنا ہو گا اور انتہائی کم داموں قوم کے حقوق کو دشمن کے ہاتھوں فروخت کرنے پر اس غدار گروپ کا محاسبہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو حد سے تجاوز کرتی رعایتیں دینے کے ان انکشافات پر قوم کے متفقہ موقف کی خاطر حماس تمام قومی جماعتوں سے ھنگامی بنیادوں پر رابطے کر رہی ہے اور جلد اس ضمن میں عوام کی امنگوں کے مطابق لائحہ عمل تشکیل دے دیا جائے گا۔