فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے تازہ فضائی حملے میں کم ازکم ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں.صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مشرق میں زیتون کالونی میں ہفتے کی صبح اس وقت بمباری کی جب وہاں پر اسکریپ جمع کرنے والے مزدور کام کر رہے تھے. فلسطینی محکمہ میڈیکل ایمرجنسی سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج نے غزہ کے مشرق میں الزیتون کے مقام پر فلسطینی شہریوں پر گولہ باری کی ،جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوا ہے جبکہ دو افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے. ادھم نے بتایا کہ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت نہیں کی جا سکی تاہم اس کی میت کو اسپتال میں رکھا گیا ہے. انہوں نے کہا کہ تینوں نوجوان زیتون کالونی میں ردی جمع کر رہے کہ تھے کہ اس اثناء میں اسرائیلی ایف سولہ طیاروں نے ان پر بمباری کردی . بمباری میں متعدد مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے.