فرانسیسی وزیر خارجہ مشعل ایلیوٹ میری نے جمعہ کو غزہ کا دورہ کیا ہے اور اس دوران مشتعل فلسطینیوں کے ایک ہجوم نے ان کی کار پر حملہ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ جب غزہ کی پٹی کے شمالی قصبے بیت حانون میں حماس کے ایک چیک پوائنٹ پر پہنچیں تو فلسطینیوں نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ان سے غزہ سے چلے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بعض مظاہرین نے فرانسیسی وزیر کی کار پر اپنے جوتے بھی پھینکے اور ایک فلسطینی ان کی کار کے اوپر چڑھ گیا۔ فلسطینی فرانسیسی وزیر خارجہ کے ایک بیان پر مشتعل تھے جو مبینہ طور پر ان سے غلطی سے منسوب کر دیا گیا تھا۔ یہ بیان انہوں نے فلسطینیوں کے زیر حراست ایک اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کے والدین سے ایک روز قبل ملاقات کے دوران دیا تھا۔