اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کو دوسرے فلسطینی علاقوں سے کاٹنے کے لیے اس کے گرد زیرتعمیر دیوار کے منصوبے کو رواں سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے. صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ دیوار کی تعمیر کا کام تیزی کے ساتھ جاری اور اب تک دو سو کلومیٹر دیوارکی تکمیل ہو چکی ہے. مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ڈپٹی اسرائیلی آرمی چیف جنرل یائیر نافیہ نے حکومت کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ گذشتہ کچھ عرصے میں دو سو کلومیٹر سےزائد علاقے میں دیوار کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں اس سال مزید 20 کلو میٹر کے رقبے پر دیوار مکمل کر لی جائے گی جس کے بعد توقع ہے کہ بیت المقدس کے گرد “القدس کورنگ” کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا. صہیونی فوجی جنرل نے بتایا کہ اس وقت دیوار کی تعمیر کا کام قلندیا، مغربی شعفاط، جبل جیلو اور دیگر شہروں میں جاری ہے جسے مکمل کرنے کے لیے چند ماہ کا عرصہ درکار ہے. دوسری جانب صہیونی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے گرد دیوار کی تعمیر کےمنصوبے کے بعد فلسطین کے دیگرعلاقوں سے القدس میں فلسطینیوں کی مداخلت کم ہو کر رہ گئی ہے اور منصوبے کی تکمیل کے بعد القدس مکمل طوپر فلسطینیوں کی غیرقانونی آمد و رفت سے محفوظ ہو جائے گا.