اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے اسرائیلی فوج کی جانب سے الخلیل میں ایک سکول اور 17 گھروں کی انہدامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور پر امن شہریوں کے خلاف اسرائیلی انتظامیہ کی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ صہیونی حکومت فلسطینی سرزمین کے اصل مالکان کو ہجرت پر مجبور کر کے ان کی جائیدادوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ فلسطینی سرزمین پر یہودی آباد کاری کے بڑے منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر حماس نے فلسطینی قوم سے اسرائیلی ظالمانہ پالیسی کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا، حماس نے اپنے بیان میں عرب لیگ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے فلسطینی قوم پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم ختم کروانے کے لیے فوری مداخلت کی اپیل بھی کی۔