فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسرائیلی قبضےکےخلاف سرگرم جہاد اسلامی کے ملٹری ونگ القدس بریگیڈ کے کمانڈر جمیل ابونجار کو صہیونی فوج نے ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا ہے. فلسطینی میڈیکل ذرائع نے صہیونی فوج کے ٹارگٹ کلنگ حملے میں 25 سالہ جمیل نجار شہادت کی تصدیق کر دی ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے القدس بریگیڈ کے کمانڈر کو غزہ کے مشرقی شہرخان یونس میں ایک میزائل حملے میں شہید کیا. میزائل حملہ جمیل نجار پراس وقت کیا گیا جب وہ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے. میزائل حملے میں بعض دیگرافراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں. خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے ان دنوں غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں اور فوج کی دراندازی کی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے. پیر کے روز شمالی غزہ میں ساحل سمندر پر اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی ماہی گیر کو گولیاں ما کر شہید کر دیا. ادھر پیر اور منگل کو قابض فوج نے غزہ میں مختلف اہداف پر میزائل حملے کیے ہیں جن میں متعدد افراد زخمی اور املاک کو نقصان پہنچا ہے. دوسری جانب تحریک جہاد اسلامی نے اپنے کمانڈر کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہادت کا بدلہ لینےکا اعلان کیا ہے. تنظیم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ جمیل النجار کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اسرائیلیوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہو گی.