فلسطینی مجاہدین نے اپنے نصب کردہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے القدس کے اطراف میں گشت کرتی اسرائیلی فوج کو نشانہ بنایا ہے۔ دھماکے کے بعد صہیونی فوج نے ارد گرد کے علاقے میں گھر گھر تلاشی کا آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم اب تک کسی فلسطینی کے گرفتار ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ اسرائیلی ریڈیو کے مطابق القدس ضلع کے گاؤں ’’بیت اجزا‘‘ کے قریب پٹرولنگ کرنے والے صہیونی فوجی اہلکار اپنے معمول کے گشت پر تھے کہ شام کے وقت ایک دھماکہ ہوا جس میں کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔ دھماکے کے فورا بعد فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ذمہ داروں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم کسی فلسطینی کی گرفتاری کی خبر موصول نہیں ہو سکی۔