اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کےسیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے امیر قطر شیخ حمد بن خلفیہ آل ثانی کی جانب سے فلسطینی صدر محمود عباس کی جیلوں میں ہڑتالی قیدیوں کی رہائی میں ثالثی کرانے پران کا شکریہ ادا کیا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دمشق میں حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق کا کہنا ہے کہ تنظیم کے سربرہ خالد مشعل نے امیر قطرکے نام ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں ان کی جانب سے فلسطینی جیلوں میں کئی ہفتوں سے بھوک ہڑٹال کرنےوالے قیدیوں کی رہائی میں انہیں اپنا کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے. عزت رشق کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے کچھ روز پہلے امیر قطر سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں مقید شہریوں بالخصوص ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی رہائی میں اپنا کردار ادا کریں.امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے رابطہ کر کے ان پر زور دیا تھا کہ وہ جیلوں میں موجود ہڑتالی قیدیوں بالخصوص مریضوں کی رہائی کے اقدامات کریں. خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے جیل میں مقید چھ بھوک ہڑتالی قیدی جمعرات کو رہا کر دیے ہیں، تاہم فلسطینی صدر ابو مازن کے زیرانتظام جیل میں ابھی تک بڑی تعداد میں حماس اور دیگر تنظیموں کے ارکان اور رہ نما قید ہیں.