غزہ کی پٹی میں رات گئے اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے دو مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں جن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی عمارتوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب قابض اسرائیل کے “ایف 16” جنگی جہازوں نے غزہ میں دیرالبلح کے مقام پر اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے مرکز پر میزائل حملہ کیا، جس میں کئی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی. دوسری جانب رات گئے رفح کے جنوب میں الشعوت کے مقام پر ایک میزائل گرایا گیا جس میں متعدد افراد کو معمولی زخم آئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے. اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی فضا میں نچلی پروازوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے.