آزاد رکن پارلیمنٹ اور غزہ کے محاصرے کے خلاف پاپولر کمیٹی کے سربراہ جمال خضری نے فرانسیسی وزیر خارجہ برنارڈ کوشینر کو اسرائیل کی جانب سے ایریز راہداری سے فلسطین آنے کی اجازت نہ ملنے پر انہیں رفح راہداری کے ذریعے غزہ آنے کی دعوت دی ہے-
جمال خضری نے گزشتہ روز جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ برنارڈ کوشینر کا یہ دورہ اس لئے اہم ہے کہ انہیں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے تباہ کن نتائج اور نہایت کڑے صیہونی محاصرے کے باعث فلسطینیوں کی ناگفتہ بہ صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے-
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام عالمی شخصیات کو اس لئے دورہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے کہ کہیں انہیں فلسطینیوں کی مشکلات اور اسرائیل کے جنگی جرائم کی صحیح معلومات نہ مل جائیں-
دریں اثنا غزہ کے محاصرے کے باعث ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا ہے- وزارت صحت کے مطابق 45 سالہ فرید ابواودے کینسر کے مرض میں مبتلا تھا اور اسے علاج کے لئے باہر جانے کی اجازت نہ ملنے پر وہ گزشتہ دم توڑ گیا اور یوں محاصرے کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی مریضوں کی تعداد 361 ہوگئی ہے- فلسطینی وزارت صحت نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ محاصرے میں گھرے غزہ کے باسیوں کا ساتھ دیں اور اسرائیل پر دباو ڈال کر سب راستے کھلوائیں-