غزہ کی پٹی میں کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک نے دو سال قبل غزہ حملہ کی وجہ سے اسرائیلی حکومت سے معاوضہ کی ادائیگی اور غزہ کی ناکہ بندی فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیٹ ورک کی جانب سے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو ملنے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت کے سامنے اسرائیلی قیادت فلسطینی قوم کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب کا اقرار کر چکی ہے۔ غزہ میں کام کرنے والی تنظیموں نے بین الاقوامی فورمز پر گولڈ اسٹون رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے غزہ کے شہداء کے خاندانوں کو معاوضہ کی ادائیگی ادا کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ نیٹ ورک نے ساری دینا سے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یک جہتی کی مہم میں شرکت، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ، اسرائیل میں سرمایہ کاری سے اجتناب کی اپیل بھی کی ہے۔ غزہ کی پٹی کے تمام اضلاع کی اینٹ سے اینٹ بجانے اور 1417 نہتے فلسطینیوں کو خوفناک بمباری میں شہید کرنے کے جرم میں مرتکب اسرائیل کے مواخذے کی ذمہ داری عالمی برادری پر نافذ کی ہے۔ مقامی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ یہ ہی وہ وقت ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کا مواخذہ کرکے اپنی ساکھ بحال کر لے۔