شام کی نائب صدر ڈاکٹر نجاح العطار نے غزہ کی پٹی کے محصورین کے لیے امدادی قافلوں کی روانگی جاری رکھنے کا اعلان کرنے کے ساتھ فلسطینیوں کی ان کی سرزمین پر واپسی اور ایک آزاد ریاست کے تحت حاصل ہونے والے حقوق تک ان کی رسائی کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ العطار پیر کی شام دمشق میں عرب خواتین کے ایک فورم کے زیر انتظام ایک تقریب سے گفتگو کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف کارروائی میں خواتین، بچوں اور مزاحمت کاروں کے درمیان کوئی فرق نہیں کر رہا، فلسطینی خواتین بھی مردوں کی طرح اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دور سے آج فلسطین گزر رہا ہے یہ تاریخ کا اہم ترین اور سب سے زیادہ مشکل دور ہے۔