مصری سپریم سکیورٹی کے زیر انتظام ہونے والی تحقیقات نے ’’انڈین سپائی ٹریپ‘‘ کے نام سے معروف انٹرنیٹ کیبل کاٹنے کے واقعے میں اسرائیلی خارجہ سکیورٹی کے سراغ رساں ادارے ’’موساد‘‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ڈیڑھ سال قبل اٹلی کے ساحل ایک کلومیٹر کی مسافت میں زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کاٹی گئی تھی جس میں ایک مصری ملزم نے اسرائیلی جاسوسی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ ورلڈ وائڈ ویب اور مصر کے درمیان انٹرنیٹ رابطہ منقطع کرنے کے لیے ایک کیبل کو کاٹا گیا تھا۔ اس کارروائی سے انٹرنیٹ کی وساطت سے کام کرنے والی تمام بڑی کمپنیوں کو بڑے اقتصادی خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مصری اخبار ’’الیوم السابع‘‘ نے اپنے ہفتے کے روز کی اشاعت میں بتایا کہ ملزم طارق عبد الرزاق حسین عیسی سے کی جانے والے پانچ ماہ جاری رہنے والی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اسرائیل نے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ کے ذریعے اسلامی اور عرب ورثے، عقائد اور ثقافت کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے پر خطیر رقم بھی خرچ کی ہے۔ اسرائیل کا مقصد اسلامی تاریخ کو مسخ کرنے اور اسلام کے بارے میں شک پھیلا کر مسلمان نوجوانوں کو گمراہ کرنا تھا۔ واضح رہے کہ جنوری 2008ء میں مصری وزیر اطلاعات ڈاکٹر طارق کامل نے بحیرہ روم میں انٹرنیٹ کیبل کاٹے جانے کے سبب جزوی طور پر انٹرنیٹ سہولیات کی بندش کا اعلان کیا تھا۔