غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں تباہ حال عمارتوں سے تعمیراتی میٹریل اٹھانے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان اور 16 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا ہے۔ فلسطینی میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دونوں مزدور تھے اور غزہ کی مشرقی سرحدی علاقوں سے پتھر اٹھا رہے تھے کہ مقبوضہ فلسطین میں کھڑی اسرائیلی فوج نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2009ء کے آغاز میں اسرائیلی بمباری میں ملیامیٹ ہونے والی غزہ کی آبادیاں تاحال تباہ ہیں اور دوبارہ تعمیر نہیں کی جا سکیں کیونکہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں تعمیراتی میٹریل داخل کرنے کی اجازت نہیں۔ مزید برآں اسرائیلی فوج نے غزہ کے باہر ہوتے ہوئے بھی تباہ حال آبادیوں سے ملبہ اٹھانے والے مزدوروں پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اس طرح کے واقعات میں رواں سال 102 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔