خان یونس میں اسلامی تحریک مزاحمت ( حماس) کے ترجمان حمادالرقب نے کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کے پیچیدہ موقف اور اسرائیلی حکام سے پے در پے ملاقاتوں کے نتیجے میں مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیوں کا گڑھ بنائے جانے کی صہیونی کارروائیوں پر پردہ پڑا رہا ہے- دیر بلح میں حماس کی طلباء تنظیم کے زیراہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حماس الرقب نے کہا کہ اگر فلسطینی انتظامیہ کے عہدیدار اسرائیلی حکام سے ڈھکے چھپے اور کھلے عام ملاقاتیں نہ کرتے پھریں تو اسرائیل کو مسجد اقصی کی بے حرمتی اور مقبوضہ بیت المقدس سے فلسطینیوں کو نکالنے کی جرأت نہ ہو- انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی مقبوضہ بیت المقدس اس شہر مقدس کے مشرقی حصے کو چھوڑنے کی تجاویز سے متعلق فلسطینی انتظامیہ کے مذاکرات بے سود ہیں اور حماس ایسی تجاویز کو تسلیم نہیں کرتی- انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ القسام بریگیڈ کے جھنڈے تلے فلسطینی تحریک مزاحمت جس نے اللہ رب العزت کی تائید و نصرت سے غزہ کو اسرائیلی قبضے سے چھڑایا وہ نہ صرف مقبوضہ بیت المقدس بلکہ پورے فلسطین پر چھا جائے گی-