شمالی غزہ کے علاقے بیت لاھیا کی مشرقی سرحد پر کھڑے اسرائیلی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک فلسطینی بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ واضح رہے کہ ایک طرف اسرائیل نے 15 لاکھ اہل غزہ کا چار سالہ کڑا گھیراؤ کر رکھا ہے تو دوسری جانب وہ فضائی بمباری، مشرقی سرحد پر زمینی گولہ باری اور فائرنگ اور مغربی ساحل پر فوجی کشتیوں سے فائرنگ میں سیکڑوں افراد کو زخمی و شہید کر چکا ہے۔ غزہ کی مصری سرحد پر زیر زمین سرنگوں میں شہید ہونے والے سیکڑوں فلسطینی مزدوروں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ فلسطینی میڈیکل سروسز کے میڈیا کوآرڈینیٹر نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ بیت لاھیا کی سرحد سے ملحق علاقے میں موجود اسرائیلی فوج نے 12 سالہ بچے پر فائرنگ کر دی، گولیاں بچے کے پیر پر لگیں۔ جس کے بعد بچے کو علاج کے لیے شہید کمال الدین ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔