مغربی کنارے میں عباس ملیشیا کا اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے کارکنوں کے خلاف پکڑ دھکڑ آپریشن جاری ہے۔ مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران طولکرم میں حماس کے پانچ حامی گرفتار کر لئے گئے۔ ان میں حماس کے ایک یرغمال کارکن کے والد اور بہن بھی شامل ہیں۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اغواء شدہ سیاسی کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ طولکرم کے علاقے میں عباس ملیشیا کے دستوں نے اسعد شدید نامی حماس کے کارکن کے گھر چھاپہ مارا۔ اسعد کو فلسطینی انتظامیہ کے سیکیورٹی ادارے پہلے ہی اغواء کر چکے ہیں۔ چھاپے کے دوران اسعد کے گھر کی مکمل تلاشی کے بعد سیکیورٹی حکام ان کے والد شیخ زیاد اور بہن کو بھی اغواء کر کے ساتھ لے گئے۔ یاد رہے کہ شیخ زیاد کو عباس انتظامیہ اس سے پہلے بھی متعدد بار گرفتار کر چکی ہے۔ انہی چھاپوں کے دوران النجاح یونیورسٹی کے طالب علم اسعد کو بھی چند روز پہلے اغوا کیا گیا اور تاحال ان کے بارے میں اطلاع نہیں ہے۔ ادھر فرعون گاوں سے تعلق رکھنے والے ماھرحطاب کو اغوا کر کے نابلس کی الجنید جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ماھرماضی میں بھی فلسطینی انتظامیہ کی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداست کر چکے ہیں اور حال ہی میں انہیں جیل سے رہائی ملی تھی۔