ترکی کے شہر استنبول میں انسانی حقوق کی تنظیم”ھیومن ایڈ اینڈ ریلیف کمیٹی” کی جانب سے مختلف ممالک کے یتیم بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق استنبول میں منعقدہ یہ تقریب ہیومن ایڈ کے زیراہتمام چوتھی سالانہ تقریب تھی جس میں قزاقستان، لبنان، پاکستان، شیشان، ایتھوپیا اور سوڈان سمیت کئی ممالک کے یتیم بچوں کو شریک کیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والے شہریوں کے بچوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کے یتیموں کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس موقع پرتنظیم کے چیئرمین بولنڈ یلدرم نے تقریب سے خطاب میں دنیا بھر میں یتمیوں کے مسائل پرروشنی ڈالی۔ انہوںنے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے یتمیوں کو تقریب میں شرکت سے روکے جانے پرشدید تنقید کی۔ تقریب کو دنیا بھر کے 120 ٹی چینلوں اور 40 ریڈیو اسٹیشنوں پر کوریج دی گئی۔