عبرانی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے حال ہی میں بڑے پیمانے پر ایسی مشقیں کی ہیں جن میں ایران پر فضائی حملے اور ایران، شام اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے ردعمل سے نمٹنے کی تیاری کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان مشقوں کے دوران ائیر ڈیفنس سسٹم کو استعمال کیا گیا جس میں ’’پیٹریاٹ‘‘، ’’ایرو‘‘ اور ’’آئرن ڈوم‘‘ نامی میزائل کو استعمال کیا گیا، ایران پر حملے کے دوران شام، حماس اور حزب اللہ جیسی تنظیموں کی جانب سے کسی ردعمل سے نمٹنے کی مشق کی گئی۔ اسرائیلی فضائیہ نے شہاب طرز کے ایرانی میزائلوں کے حملوں سے بچنے کی مشق بھی کی۔ اسرائیلی ائیر فورس کے سربراہ ’’ایڈو نوچٹن‘‘ کا کہنا ہے حالیہ دنوں کی جانے والی مشقیں اتنی بڑے پیمانے پر تھی کہ ہماری ائیر فورس کے پاس ایسی مشقوں کی مزید استعداد نہیں ہے۔ اسرائیلی ٹی وی ’’چینل ٹو‘‘ نے ذرائع کے حوالے بتایا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد شام کے میزائل اور ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ اس کے فوجی اڈوں کو تباہ کرنے کی تیاری تھا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی ائیر فورس کے ذرائع نے ان مشقوں کی اہمیت کم کرنے کی پوری کوشش کی تاہم صہیونی چینل نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے یونان کی ائیر فورس کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقیں کی ہیں اور عنقریب مشقوں کا ایک اور سلسلہ دیکھنے میں آئے گا۔ رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج کی اعلی کمان اگلے سال کو ایران کے حوالے سے فیصلہ کن سال قرار دے رہے ہیں۔