اسرائیلی اخبار”یروشلم پوسٹ” نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اپنے ہاں راکٹوں کی تعداد اور ان کی طاقت بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اخبار نے سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ چند برسوں سے حماس کے زیر انتظام القسام بریگیڈ راکٹوں کی رنیج اور ان کی طاقت میں اضافے کے لیے کوشاں رہا ہے، القسام بریگیڈ نے اب اپنی کوششیں کئی گنا بڑھا دی ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب مشرق میں ابودیس کے مقام پر ایک فیکٹری کا سراغ بھی لگایا گیا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ القسام بریگیڈ کا راکٹ اپ گریڈ کرنے اور اسلحہ سازی کا کارخانہ ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اسرائیلی بارڈر فورسز اور خفیہ ادارے “شاباک” کے اہلکاروں نے ستمبر میں ایک مشترکہ کارروائی میں اس کارخانے کا سراغ لگایا۔ کارخانے میں دھماکہ خیز مواد سمیت اسلحہ تیار کرنے کا دیگر سامان بھی موجود ہے۔