مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ بیت المقدس اور جنین میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات کے دوران قابض اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں ایک فلسطینی شہری ربڑ کی گولی لگنے جبکہ دوسرا قابض اہلکاروں کے تشدد سے زخمی ہو گیا، جبکہ شہریوں کے خلاف جارحیت اور پابندیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیا پناہ گزین کیمپ میں جمعرات کی فجر قابض فوج کے چھاپے کے دوران 40 سالہ فلسطینی شہری پیٹ میں ربڑ کے خول چڑھی دھاتی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
فلسطینی ہلال احمر نے واضح کیا ہے کہ اس کے امدادی عملے نے موقع پر ہی زخمی شہری کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد اسے مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایک دوسرے الگ واقعے میں بدھ کی شام شمالی جنین میں واقع الجلمہ فوجی چوکی پر قابض اسرائیلی اہلکاروں نے ایک فلسطینی نوجوان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا، جسے ہلال احمر کی ٹیموں نے چوکی سے وصول کر کے ہسپتال منتقل کیا۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقوں بالخصوص قلندیا کیمپ اور اس سے ملحقہ قصبے کفر عقب میں قابض افواج کے چھاپے معمول بن چکے ہیں، جن کے دوران گھروں کی تلاشی، گرفتاریاں اور جھڑپیں ہوتی ہیں اور قابض فوجی اصل گولیوں، ربڑ کی گولیوں، آنسو گیس اور صوتی بموں کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں۔
دوسری جانب قابض حکام نے جنین شہر کے شمالی داخلی راستے الجلمہ چوکی پر بھی سخت عسکری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور شہریوں کی آمدورفت کو محدود کر رکھا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ جنین شہر، کیمپ اور گورنری کے قصبوں و دیہات پر چھاپوں، گرفتاریوں اور تشدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
