بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ لبنانی حکام پر قابض اسرائیل کو رعایتیں دینے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، جبکہ انہوں نے امریکی احکامات کے آگے جھکنے کے نتیجے میں لبنان کے استحکام اور خودمختاری پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات سے خبردار کیا ہے۔
نعیم قاسم نے بدھ کے روز صحافتی بیانات میں اس بات پر زور دیا کہ امریکی احکامات کی پیروی لبنان کو تقسیم اور تباہی کی جانب لے جا سکتی ہے، لہذا ملک کے مستقبل اور قومی سلامتی سے متعلق فیصلے بیرونی مداخلت سے آزاد ہو کر خالصتاً لبنان کی خودمختار ارادے سے کیے جانے چاہئیں۔
سلامتی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے قومی سلامتی کی حکمت عملی پر بات چیت کے لیے تنظیم کی آمادگی ظاہر کی، تاہم اس کے لیے شرط رکھی کہ یہ مذاکرات مکمل آزادی اور خودمختاری کی فضا میں اور قابض اسرائیلی افواج کے انخلا کے بعد ہونے چاہئیں تاکہ سلامتی کے مسائل کو لبنان کے قومی مفادات کی بنیاد پر حل کیا جا سکے۔
نعیم قاسم کا یہ موقف لبنان میں قابض اسرائیل کے ساتھ مذاکرات، حزب اللہ کے اسلحے کے مستقبل اور سلامتی کے معاملات چلانے میں ریاست و فوج کے کردار سے متعلق سیاسی اختلافات کے سائے میں سامنے آیا ہے، جبکہ اسی دوران جنگ کے بعد کے انتظامات اور جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلا کے حوالے سے امریکی دباؤ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ 26 جون سنہ 2026ء کو واشنگٹن میں امریکہ، لبنان اور اسرائیل کے درمیان ایک سہ فریقی مفاہمتی فریم ورک کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں لبنانی ریاست کی جانب سے اپنی تمام سرزمین پر عملداری بحال کرنے اور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا مرحلہ وار منصوبہ شامل ہے، جس کے بدلے میں قابض افواج مخصوص مراحل اور شرائط کے تحت لبنانی سرزمین سے پیچھے ہٹیں گی اور انخلا کریں گی۔
اس عمل کی بنیاد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 کے نفاذ پر رکھی گئی ہے، جو دشمنانہ کارروائیوں کے خاتمے، جنوب میں لبنانی فوج کی تعیناتی، اسرائیلی افواج کے انخلا اور اپنی سرزمین پر لبنانی ریاست کی عملداری کو مضبوط بنانے کا مطالبہ کرتی ہے۔
