غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسیر فلسطینی رہنما حسن سلامہ کی اہلیہ غفران زامل نے بتایا ہے کہ جانوت جیل کے قید تنہائی کے شعبے کی انتظامیہ نے بدھ کے روز وکیل خالد محاجنہ کو آگاہ کیا کہ سلامہ کو مجد جیل کے قید تنہائی سیل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ یہ اقدام ان کی حراست کے حالات کا جائزہ لینے اور گزشتہ ستمبر میں ان کی کوٹھڑی کے اندر ان پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق ان کا بیان قلمبند کرنے کے لیے طے شدہ ملاقات سے محض ایک روز قبل کیا گیا۔
غفران زامل نے واضح کیا کہ وکیل خالد محاجنہ نے سلامہ پر ہونے والے حملے کے معاملے کی پیروی اور ان کی قید تنہائی کے حالات بہتر بنانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوششوں کے تحت مہینوں کی قانونی جدوجہد اور رابطہ کاری کے بعد اس ملاقات کا وقت حاصل کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات سے عین ایک روز قبل ان کی منتقلی نے اس ملاقات کو ناممکن بنا دیا اور اہل خانہ کی تشویش میں نئے سرے سے اضافہ کر دیا ہے جو ان کی خیریت جاننے اور انہیں ملنے والے علاج معالجے سے آگاہ ہونے کے منتظر تھے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ 15 ستمبر کو پیش آیا تھا جب انتہا پسند مجرم وزیر قومی سلامتی ایتمار بن غفیر نے جانوت جیل کے قید تنہائی سیل میں حسن سلامہ کی کوٹھڑی پر دھاوا بولا اور انہیں پھانسی دینے کی دھمکی دی تھی۔
غفران زامل نے دو نومبر کو سلامہ سے ملاقات کرنے والی ایک خاتون وکیل کے حوالے سے بتایا کہ دھاوا بولے جانے والے دن کی سہ پہر ایک فورس دوبارہ ان کی کوٹھڑی میں واپس آئی اور ان پر تشدد کرنے کے بعد انہیں نو گولیاں ماریں۔
زامل نے کہا کہ اس ملاقات کے حالات نے خاتون وکیل کو ان کے زخموں کے بارے میں مکمل بیان حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جس کے باعث انہوں نے خالد محاجنہ کے ذریعے نئی ملاقات کی درخواست دائر کی تھی۔
دوسری جانب فلسطینی پریزنرز کلب نے تین نومبر کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا تھا کہ سلامہ سے ملاقات کے بعد موصول ہونے والی معلومات سے تصدیق ہوتی ہے کہ جس روز بن غفیر نے ان کی کوٹھڑی پر دھاوا بولا تھا اسی روز کوٹھڑی کے اندر ان پر فائرنگ کی گئی تھی۔
کلب نے واضح کیا کہ اس وقت استعمال ہونے والی گولیوں کی نوعیت اور واقعے کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی تھیں، اور ساتھ ہی قید تنہائی کے شعبوں اور بالخصوص مجدو و جانوت جیلوں میں قید اسیران کی زندگیوں کو لاحق شدید خطرات سے خبردار کیا تھا۔
واضح رہے کہ حسن سلامہ اس سے قبل بھی دو مراحل میں تقریباً 14 برس قید تنہائی میں گزار چکے ہیں اور اس وقت ان کی تنہائی اسیران کی سنہ 2012ء کی بھوک ہڑتال کے بعد ختم ہوئی تھی، جبکہ سنہ 2010ء میں غفران زامل کے ساتھ ان کا نکاح ہوا تھا اور فلسطینی پریزنرز کلب کے مطابق قابض حکام نے تب سے دونوں کو ملاقات کے حق سے محروم رکھا ہوا ہے۔
