Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

غزہ

1948ء میں بے گھر ہونے والے فلسطینی ایک بار پھر ہجرت پر مجبور

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) تاریخ کے اوراق پر کچھ داستانیں سیاہی سے نہیں، بلکہ نسلوں کے آنسوؤں اور اجڑتے ہوئے آشیانوں کی گرد سے لکھی جاتی ہیں۔ غزہ کی سرزمین پر بسنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کا المیہ محض جغرافیائی سرحدوں کے سمٹنے یا اینٹ گارے کے ڈھانچوں کے منہدم ہونے کی خبر نہیں، بلکہ یہ ایک ایسے مسلسل کرب کی تصویر ہے جہاں وقت کا پہیہ پچھتر برس گھومنے کے بعد پھر اسی نقطۂ آغاز پر آ رکا ہے۔ یہ کہانی ان بوڑھی آنکھوں کی ہے جنہوں نے بچپن میں اپنے آبائی گاؤں کی دہلیز پر مڑ کر آخری الوداعی نظر ڈالی تھی اور اب بڑھاپے کی دہلیز پر کھڑے ہو کر اپنے ہاتھوں سے بسائے گئے دوسرے گھر کے ملبے کو حسرت سے تک رہی ہیں۔ آئیے حاجہ جمیلہ کی آنکھوں سے وقت کے اس لرزہ خیز دائرے میں جھانکیں، جہاں ایک گھر کی واپسی کا ادھورا خواب، دوسرے گھر سے بے دخلی کے نئے عذاب میں ڈھل چکا ہے۔

حاجہ جمیلہ کی عمر محض پانچ برس تھی جب سنہ 1948ء میں ان کے اہلِ خانہ نے انہیں اپنے آبائی گاؤں کی مٹی سے جدا کر کے غزہ کی سرزمین پر لا بسایا تھا۔ اور اب، پچھتر برس کی طویل مسافت طے کرنے کے بعد وہ خان یونس میں ایک خیمے کے دہانے پر تپتی ریت پر بیٹھی ہیں اور ان کے پوتے پوتیاں کسی سائے کی طرح ان کے گرد سمٹے ہوئے ہیں۔

اس بار ان کے قدم خان یونس کیمپ کی دہلیز سے اکھڑے ہیں—وہی بستی جہاں کبھی ان کے لٹے پٹے خاندان نے سر چھپایا تھا، اور جو رفتہ رفتہ ان کا اپنا گھر، ان کی پہچان بن گیا تھا۔ آج حاجہ جمیلہ کی بوڑھی آنکھیں اس حقیقت کو بھانپ چکی ہیں کہ سنہ 1948ء کا ‘نکبہ’ اور آج کی یہ جبری ہجرت درحقیقت ایک ہی المیے کے دو رخ اور ایک ہی زخم کی دو ٹیسیں ہیں، جنہیں قابض اسرائیل کے مسلسل جرائم نے جنم دیا ہے۔

فرق صرف اتنا ہے کہ اس پہلے سفر میں وہ ایک معصوم بچی تھیں جن کے سر پر والدین کی شفقت اور خاندان کا مضبوط حصار تھا، جبکہ آج وہ خود ایک ضعیف دادی ہیں جن کے ساتھ ان کی تیسری نسل بھی تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط اس لامتناہی اذیت کی بھٹی میں جل رہی ہے۔

ننھی جمیلہ کے نکبہ اور دادی جمیلہ کی اس نئی بے گھری کے درمیان ایک پوری زندگی، ان گنت آہیں، یادوں کے چراغ، اور ٹوٹتے بکھرتے خوابوں کی ایک طویل داستان رقم ہے۔ یہ وہ دور تھا جب خیموں کے بوسیدہ اور پیوند لگے کپڑوں کی جگہ پکی اینٹوں کی دیواروں نے لے لی تھی؛ لوگوں کو ایسے ہمدرد ہمسائے، آباد محلے اور مانوس گلیاں میسر آ گئی تھیں جو ان کے دکھ سکھ کے سانجھی تھے۔ بازاروں کی رونقیں لوٹ آئی تھیں اور ایسے درسگاہیں تعمیر ہو گئی تھیں جہاں سے ننھے بچے علم کی روشنی سمیٹ کر ہنستے مسکراتے اپنے گھروں کو لوٹا کرتے تھے۔

جمیلہ کا وہ آبائی گاؤں—جہاں سے انہیں اور ان کے پیاروں کو بے دخل کیا گیا تھا ہمیشہ ان کے دل کے نہاں خانوں میں دھڑکتا رہا، جبکہ پناہ گزین کیمپ ان کی ہنسی، آنسوؤں، امیدوں اور محرومیوں کا امین بن گیا تھا۔ لیکن جب اسرائیلی بمباری کی آگ نے ایک بار پھر سب کچھ نگل لیا اور کیمپ کی گلیوں، بازاروں، گھروں اور سکولوں کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا، تو آج کی نسل دوہری محرومی کی صلیب اٹھائے کھڑی ہے: ایک وہ گھر، زمین اور زندگی جس سے انہیں سنہ 1948ء میں غزہ سے باہر محروم کیا گیا، اور دوسرا وہ آشیانہ اور جہانِ رنگ و بو جسے غزہ کی ریت پر آباد کرنے میں پوری آٹھ دہائیاں صرف ہوئی تھیں۔

خیمہ پھر سے مقدر بن گیا

اقوام متحدہ کے بوسیدہ ریکارڈ میں محفوظ ابتدائی تصویریں ان لٹے پٹے فلسطینی قافلوں کی گواہی دیتی ہیں جو اپنے گھروں سے اجڑ کر غزہ کے ساحلوں پر آ لگے تھے اور سنہ 1949ء کے اوائل میں امدادی قافلے ان بے سروسامان خاندانوں میں خیمے، کمبل اور تن ڈھانپنے کے لیے کپڑے بانٹ رہے تھے۔

برسوں کی مشقت کے بعد ان پناہ گزینوں نے خیموں کی بے ثبات زندگی سے نکل کر سیمنٹ کے سادہ اور باہم جڑے ہوئے مکانات کی بنیاد رکھی۔ پرانی بلیک اینڈ وائٹ تصویروں میں یہ تبدیلی شاید محض اینٹ گارے کا ایک معمولی تغیر دکھائی دے، مگر جنہوں نے اس کرب کو جیا ہے، ان کے لیے اس کا مفہوم یہ تھا کہ بالآخر ایک خاندان اپنے پیچھے ایک مضبوط دروازہ بند کر سکتا ہے اور اپنا بستر ایک ایسی چھت تلے بچھا سکتا ہے جسے ہر بارش کے ساتھ سمیٹ کر بھاگنا نہ پڑے۔

حالیہ طوفانی بارشوں اور موسمی قہر کے دوران بے گھر افراد کے خیموں میں سیلابی پانی یوں در آیا جیسے کوئی بے رحم حملہ آور ہو، کیونکہ دروازے پر اسے روکنے والی کوئی دیوار باقی نہ تھی۔ اس کڑے وقت میں بے بس ماؤں، باپوں اور معصوم بچوں نے پلاسٹک کے ٹوٹے برتنوں سے پانی باہر انڈیلنے کی لاحاصل کوششیں کیں۔ اور جب پانی اترا، تو سیوریج کی غلاظت سے آلودہ بارش نے ان کے بستر، کمبل اور بچا کھچا اناج تک نگل لیا تھا۔

نکبہ کی پہلی شام سے لے کر آج کی اس ہجرت تک، ‘خیمہ’ اسی کسمپرسی اور اس عظیم تاریخی ناانصافی کا استعارہ بن کر لوٹ آیا ہے جس کی چکی میں فلسطینی پناہ گزین گزشتہ آٹھ دہائیوں سے پس رہے ہیں۔

گھر کی دہلیز سے باہر بیت الخلا

نکبہ کے دور کی کم دیکھی گئی تصویروں میں ایک تصویر ان مزدوروں کی بھی ہے جو اجتماعی بیت الخلا بنانے کے لیے زمین کھود رہے ہیں؛ یہ تصویر غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے والی ‘امریکن فرینڈز سروس کمیٹی’ نے سنہ 1949ء کے ایک خبرنامے میں شائع کی تھی۔

ابتدائی پناہ گزین کیمپوں کے نقشوں میں بیت الخلا اور پانی کے نل رہائش گاہوں سے باہر مشترکہ مقامات پر بنائے گئے تھے۔ چنانچہ جس کسی کو رفع حاجت کی ضرورت پیش آتی، اسے اپنے خاندان کی اس مختصر سی پناہ گاہ سے باہر قدم رکھنا پڑتا۔ حتیٰ کہ جب کچھ خاندان خیموں سے نکل کر چار دیواری والے کمروں میں منتقل ہوئے، تب بھی بیت الخلا کا دروازہ گھر کی حدود سے باہر ہی رہا۔

آٹھ دہائیوں کا طویل چکر کاٹ کر سنہ 2026ء میں وقت کا پہیہ پھر اسی نقطۂ آغاز پر آ رکا ہے۔ اقوام متحدہ کی حالیہ دستاویزات کے مطابق آج ایک بیت الخلا کے استعمال کے لیے دو دو گھنٹے طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے، اور بعض مقامات پر سات سو نفوس کے لیے محض ایک ہی بیت الخلا میسر ہے۔

یہ المیہ محض وقت کے ضیاع کا نہیں بلکہ انسانی وقار، سماجی پردے اور نفسیاتی ٹوٹ پھوٹ کا ہے۔ جن لوگوں نے دہائیوں کی محنت سے ایسے باعزت گھر تعمیر کیے تھے جن میں دو یا اس سے زائد غسل خانے موجود تھے، آج وہ پانی اور صفائی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر چند لمحوں کی ضرورت کی خاطر لمبی قطاروں میں اپنی عزتِ نفس کو پامال ہوتا دیکھنے پر مجبور ہیں۔

آنسوؤں اور پسینے سے دھلتے کپڑے

پناہ گزینی کے ابتدائی کٹھن برسوں میں مزدوروں نے غزہ کے مقامی باسیوں کے تعاون سے ایک نامکمل مسجد کے امدادی مرکز کے قریب ایک اجتماعی دھوبی گھاٹ تعمیر کیا تھا۔

وہاں پانی کے نل، حوض، ٹینکیاں اور پانی گرم کرنے کا ایک چھوٹا سا ہیٹر نصب کیا گیا تھا۔ محققہ بیریل چیل سنہ 1948ء سے 1950ء کے درمیان غزہ کے پناہ گزینوں پر اپنی تحقیق میں رقم طراز ہیں کہ کیمپوں کی خواتین میلوں پیدل چل کر ان سہولیات سے استفادہ کرنے آتی تھیں، کیونکہ ان کے خیموں میں زندگی کی یہ بنیادی آسائش بھی ناپید تھی۔

حالیہ بے گھری کے دوران یونیسف کی جاری کردہ ایک دل گداز تصویر میں ایک کم سن لڑکی کو پانی کا بھاری برتن ڈھو کر لانے کے بعد وہیل چیئر پر بیٹھی اپنی معذور بہن کی مدد کرتے دکھایا گیا ہے۔ ادارے نے قصی نامی ایک نوجوان کی زبانی یہ کرب بیان کیا ہے—جو پہلے رفح اور پھر خان یونس دربدری کاٹنے پر مجبور ہوا—کہ پانی کی قطاروں میں کھڑا رہنا اب ان کی زندگی کا سب سے کٹھن معمول بن چکا ہے، اور ایک قمیص دھونے یا چولہا جلانے سے قبل گھر کے کسی نہ کسی فرد کو گھنٹوں پانی کی تلاش میں بھٹکنا پڑتا ہے۔

ریت پر ابھرتے حروف اور خیموں تلے سسکتی تعلیم

پہلی ہجرت کے اوراق پلٹیں تو ایک ایسی تصویر بھی ابھرتی ہے جو ایک ایسے مدرسے کی عکاسی کرتی ہے جہاں تختۂ سیاہ کا نام و نشان نہ تھا۔ وسطی غزہ کے کیمپوں میں شفیق اساتذہ اپنے شاگردوں کو سمندر کے ساحل پر لے جاتے تاکہ وہ گیلی ریت پر اپنی ننھی انگلیوں سے حروفِ تہجی تحریر کر سکیں، اور جب موقع میسر آتا تو پکی سڑکوں کے سینے پر چاک سے علم کے نقوش ابھارتے۔ جب رضاکار اساتذہ کی جمع پونجی ختم ہو گئی، تو ان کی اس عظیم خدمت کے صلے میں انہیں محض چند کلو آٹا تھما دیا جاتا تھا۔

یوں نکبہ کے بچوں کے تعلیمی سفر کا آغاز ہوا: ایک استاد جس کے سینے میں علم کی شمع روشن تھی، ایسے معصوم بچے جن کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچانا مقصود تھا، اور ایک وسیع و عریض ساحل جس نے پوری درسگاہ کو اپنی آغوش میں سمیٹ لیا تھا۔

تین نومبر سنہ 2026ء کو خبر رساں ایجنسی ‘آبا امیجز’ کے کیمرے نے غزہ شہر میں ایک ایسے تعلیمی خیمے کا منظر قید کیا، جسے بمباری سے تباہ ہونے والے اسکولوں کے متبادل کے طور پر کھڑا کیا گیا ہے۔

ان دونوں مناظر کے درمیان وہ تمام اثاثہ دفن ہے جسے نسلوں نے اپنے خون پسینے سے سینچا اور آج ان کی اولادوں نے کھو دیا۔ پہلی ہجرت کے بچے ساحل کی ریت پر اس امید کے ساتھ لکھتے تھے کہ کل ان کے بزرگ ان کے لیے پکے اسکول بنائیں گے؛ مگر آج غزہ کا بچہ ایک پھٹے ہوئے خیمے میں اس لیے قدم رکھتا ہے کہ اس کا شاندار اسکول ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے، اور جو چند اسکول سلامت بچے ہیں، ان کے کمروں میں تباہ حال خاندانوں نے اپنے بستر بچھا رکھے ہیں—جہاں علم کے منار اب پناہ گزین کیمپوں میں ڈھل چکے ہیں۔

جب حاجہ جمیلہ خان یونس میں اپنے خیمے کے سامنے بیٹھتی ہیں، تو بظاہر ان کی کہانی ایک ایسی ضعیف عورت کی داستان معلوم ہوتی ہے جو بڑھاپے میں لوٹ کر وہیں آ پہنچی جہاں سے اس کے بچپن کی کٹھن راہ شروع ہوئی تھی۔ لیکن اگر ہم محض اسی ایک تصویر پر نظر جمائے رکھیں، تو گویا ہم نے ایک پوری جیتی جاگتی زندگی کو فراموش کر دیا۔

کیونکہ ان دو خیموں کے درمیانی فاصلے میں، خان یونس کیمپ کی گلیوں میں ان کا ایک ہنستا بستا گھر بھی تھا؛ وہیں ان کے بچے جوان ہوئے، وہیں ان کے آنگن میں پوتے پوتیوں کی کلکاریاں گونجیں، اور وہیں سے وہ باوقار دادی نکلیں جنہیں آج زمانے کے کیمرے نے بے بسی کے عالم میں ریت پر بیٹھے محفوظ کیا ہے۔

غزہ کی سرزمین پر ایک پناہ گزین کے آج دوبارہ بے گھر ہونے کا اصل مفہوم بس اتنا ہے: اس کے پاس ایک پہلا گھر ہو جس کی واپسی کا خواب وہ سنہ 1948ء سے اپنی پلکوں پر سجائے بیٹھا ہو، اور پھر عمر کی آخری سانسوں میں وہ اس دوسرے گھر کی واپسی کے انتظار پر مجبور کر دیا جائے، جس کی دہلیز پر بیٹھ کر اس نے پہلے گھر کی واپسی کا انتظار کرتے ہوئے اپنی پوری عمر گزار دی۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan