غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں شہری دفاع کے ادارے (سول ڈیفنس) نے آنے والے دنوں میں موسمی دباؤ اور بارشوں کے نئے سلسلے کی آمد کے ساتھ ایک بڑے انسانی المیے سے خبردار کیا ہے، جو بے گھر افراد کے ابتر حالات اور جاری اسرائیلی محاصرے نیز ضروری مقدار میں رہائشی سامان کے داخلے پر پابندی کے باعث محفوظ پناہ گاہوں اور گرم رکھنے کے ذرائع کی عدم دستیابی کے نتیجے میں پیدا ہو رہا ہے۔
ادارے کے ترجمان محمود بصل نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث ہزاروں خاندانوں کو پناہ گزین کیمپوں کے خیموں کے اندر ڈوبنے کا خطرہ لاحق ہے، جبکہ درجہ حرارت میں شدید کمی کے ساتھ ہی تباہ شدہ اور مخدوش عمارتیں دیگر خاندانوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
محمود بصل نے نشاندہی کی کہ شدید سردی اور حرارت کے ذرائع نہ ہونے کے باعث بچوں کو موت کا خطرہ درپیش ہے، اور خبردار کیا کہ شہریوں کی تکالیف کے خاتمے کے لیے فوری حل کی مسلسل عدم موجودگی مزید جانی نقصانات کا سبب بن سکتی ہے، خصوصاً بچوں، مریضوں اور بزرگ افراد میں اموات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
یہ انتباہات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب رواں نومبر کے آغاز میں آنے والے موسمی نظام کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں تقریباً 70 ہزار خیمے زیر آب آ گئے تھے جن میں دسیوں ہزار بے گھر افراد مقیم تھے، جس سے پناہ گزین کیمپوں کے اندر معیشتی اور صحت کے حالات مزید ابتر ہو گئے ہیں۔
غزہ کی پٹی کے سرکاری اداروں کے اندازوں کے مطابق تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار خاندان پناہ گزین کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں رہائش کے حالات انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں، کیونکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 35 ہزار خیموں میں سے 1 لاکھ 25 ہزار یعنی 93 فیصد خیمے اب رہائش کے قابل نہیں رہے۔
قابض اسرائیل کی جانب سے نئے خیموں، موبائل گھروں اور رہائشی سامان کے مناسب مقدار میں داخلے پر مسلسل پابندی کے باعث یہ بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے، جو لاکھوں بے گھر افراد کو بارش، تیز ہواؤں اور سردی سے بچاؤ کے بنیادی ذرائع سے محروم رکھے ہوئے ہے اور انہیں خستہ حال خیموں و غیر محفوظ عمارتوں کے اندر موسم سرما کی سختیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
