ٹورنٹو – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) کینیڈین حکومت نےفلسطینی متبادل انقلابی راستہ تحریک کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دی گئی تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ فیصلہ قابض اسرائیلی حکومت اور امریکہ و کینیڈا میں اسرائیل نواز لابی تنظیموں کی جانب سے چلائی جانے والی بڑھتی ہوئی مہم کے بعد اور ٹورنٹو شہر میں تحریک کی کانفرنس کے انعقاد سے محض چند روز قبل سامنے آیا ہے۔
کینیڈا کے وزیر برائے عوامی تحفظ آنندسانگاری نے 23 نومبر کو جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل انقلابی راستہ تحریک کو ’’فلسطینی اسیران کے دفاع کے نیٹ ورک صامدون کا متبادل نام‘‘ قرار دیا، جسے کینیڈین حکام اس سے قبل اکتوبر سنہ 2024ء میں اسی فہرست میں شامل کر چکے ہیں۔
یہ فیصلہ اسرائیل کے وزیر برائے امور تارکین وطن عمیحائی شیکلی کی جانب سے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی کو بھیجے گئے اس خط کے چند روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے تحریک اور اس کی آئندہ کانفرنس کے خلاف سکیورٹی اور قانونی کارروائی کرنے نیز اسے ’’دہشت گردی کی فہرست‘‘ میں شامل کرنے پر غور کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
کینیڈا میں ’’بنائی برتھ‘‘ تنظیم، ’’سائمن ویزنتھل سینٹر‘‘ اور متعدد یہودی تنظیموں نے فوری طور پر اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے گذشتہ مہینوں کے دوران کینیڈین حکومت اور سکیورٹی اداروں پر ڈالے جانے والے دباؤ کی مہمات کا حوالہ دیا اور حکام سے ٹورنٹو میں تحریک کی کانفرنس کے حوالے سے مزید اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی حکومت متبادل انقلابی راستہ تحریک پر یہ الزام عائد کرتی ہے کہ یہ ایک ایسا بین السرحدی نیٹ ورک ہے جو عالمی سطح پر انتہا پسند بائیں بازو کے حلقوں کے ساتھ حزب اللہ، حماس، اسلامی جہاد اور حوثیوں کے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
کینیڈا کا یہ فیصلہ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے فلسطینی متبادل انقلابی راستہ تحریک پر پابندیاں عائد کیے جانے کے تقریباً تین ماہ بعد سامنے آیا ہے، جس اقدام کو تحریک نے اس سے قبل مسترد کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم فلسطینیوں کی جدوجہد کو جرم قرار دینے اور فلسطین کے ساتھ عالمی یکجہتی کی تحریک کو نشانہ بنانے کی سیاسی کوشش قرار دیا تھا۔
تحریک کے خلاف اس مہم میں اس وقت شدت آئی جب متعدد عوامی تنظیموں نے رواں ماہ 28 اور 29 نومبر کو ٹورنٹو میں ’’طوفان الاقصیٰ کے تین سال: درندے کے قلب سے مزاحمت اور واپسی‘‘ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد اور اس میں تحریک کے متعدد کارکنان و رہنماؤں کی شرکت کا اعلان کیا۔
