Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

پاکستان

پاکستان سمیت 14 ممالک کا اسرائیل کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی پابندیوں کا خیرمقدم

اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) پاکستان، اردن، مصر، سعودی عرب، صومالیہ، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، کویت، الجزائر، نائجر، فلسطین، لیبیا اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری کی سرگرمیوں کے جواب میں برطانیہ اور آسٹریلیا کی حکومتوں کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے، ان پابندیوں میں ان کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جو غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر میں ملوث ہیں، وزرائے خارجہ نے برطانیہ کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے والی ایک تنظیم پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان، اردن، مصر، سعودی عرب، صومالیہ، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، کویت، الجزائر، نائجر، فلسطین، لیبیا اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ میں اس تناظر میں احتساب کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے، جن میں مناسب بین الاقوامی اقدامات اور ان اداروں و افراد پر پابندیاں عائد کرنا بھی شامل ہے جو غیر قانونی بستیوں کی سرگرمیوں، بشمول E1 آبادکاری منصوبے، کے ذمہ دار ہیں، نیز وہ عناصر بھی جو بستیوں کی توسیع اور الحاق کی پالیسیوں کی حمایت، سہولت کاری یا ان پر عمل درآمد کرتے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی مسلسل غیر قانونی آبادکاری کی پالیسیوں، بالخصوص ’’E1‘‘ آبادکاری منصوبے اور مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے مشرق میں اس سے متعلقہ بستیوں کی تعمیر کی سرگرمیوں کی شدید ترین الفاظ میں ایک بار پھر مذمت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کا یہ فیصلہ عالمی برادری کے دیگر ممالک کو بھی ایسے اقدامات کرنے کی ترغیب دے گا۔
وزرائے خارجہ کے نزدیک مذکورہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2334 (2016)، اور 19 جولائی 2024 کو عالمی عدالتِ انصاف کی جانب سے جاری کردہ مشاورتی رائے سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اس مشاورتی رائے میں تمام ریاستوں پر یہ ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال کو قانونی تسلیم نہ کریں اور اس صورتِ حال کو برقرار رکھنے کے لیے کسی قسم کی مدد یا معاونت فراہم نہ کریں جو اسرائیلی قبضے کے باعث وجود میں آئی ہے۔
اس حوالے سے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ آبادکاری کی سرگرمیوں اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے جغرافیائی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کے مقصد سے کیے گئے دیگر تمام اقدامات واپس لے۔وزرائے خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کے غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے پر مکمل اور فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے، انسانی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے، تعمیرِ نو اور بحالی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے اور پائیدار امن کی بنیادیں استوار کی جا سکیں۔
وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا ایک لازمی اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔وزرائے خارجہ نے اس امر پر زور دیا ہے کہ منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے قیام کا واحد قابلِ عمل راستہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک آزاد، خودمختار، جغرافیائی طور پر مسلسل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، جو 4 جون 1967ء کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ یہ تمام اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan