Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، فائرنگ سے چار فلسطینی شہید

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور توپ خانے کی گولہ باری سے چار شہری شہید اور بچوں و خواتین سمیت متعدد شہری زخمی ہو گئے ہیں۔

ہمارے نامہ نگار نے تصدیق کی ہے کہ وسطی غزہ شہر میں الیرموک اسٹریٹ پر ابو خضرہ کمپلیکس کے قریب بے گھر افراد کے ایک خیمے کو قابض اسرائیل کے ڈرون طیارے کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں دو شہری شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔

جمعرات کی شام جنوب مشرقی غزہ شہر کے محلے الزیتون میں صلاح الدین شاہراہ پر کویت چوک کے قریب قابض اسرائیلی افواج کی جارحانہ فائرنگ کے نتیجے میں شہری صلاح اسعد الخور جام شہادت نوش کر گئے۔

اسی طرح جنوب مشرقی غزہ شہر کے محلے الزیتون کی کشکو اسٹریٹ پر قابض اسرائیل کے توپ خانے کی گولہ باری کے نتیجے میں شہری احمد صیام شہید ہو گئے۔

شام کے اوقات میں وسطی غزہ کی پٹی کے المغازی کیمپ میں حسنی المصدر اسٹریٹ پر قابض اسرائیل کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔

غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، گولہ باری اور فوجی دراندازی کے ذریعے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے درمیان جمعرات کے روز قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نوجوان احمد ابو عرمانہ دو روز قبل وسطی غزہ کی پٹی میں البریج کیمپ کے شمال میں ہونے والی گولہ باری میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔

ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ آج جمعرات کے روز شمالی خان یونس کے حمد شہر کے مشرق میں قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئیں جبکہ شہر کے مشرق سے وسطی اور مغربی علاقوں کی جانب قابض اسرائیلی ٹینکوں سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، اس کے علاوہ قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں نے وسطی غزہ کی پٹی میں النصیرات کیمپ کے شمال مشرق میں بھی فائرنگ کی۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قابض اسرائیلی افواج وسطی گورنری کے شمال سے پیچھے ہٹ گئی ہیں، حالانکہ انہوں نے گذشتہ روز صلاح الدین شاہراہ کے اطراف میں فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں البریج کیمپ کے شمال مغربی اور النصیرات کیمپ کے شمال مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا اور اس میں تین رہائشی بلاکس شامل تھے، جس سے علاقے اور اس کے گرد و نواح میں قائم پناہ گزین مراکز میں مقیم ہزاروں بے گھر افراد کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔

ادھر غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بدھ کی شام وسطی گورنریٹ میں قابض اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے مضمرات سے خبردار کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کارروائیوں سے چھ پناہ گزین مراکز کے اندر مقیم پانچ ہزار سے زائد بے گھر افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں اور ایسے وقت میں جب انہیں سمونے کے لیے کوئی محفوظ مقام یا متبادل مراکز دستیاب نہیں ہیں، یہ صورتحال جبری نقل مکانی کی نئی لہروں کا پیش خیمہ بن رہی ہے۔

محمود بصل نے خبر رساں ایجنسی صفا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسطی گورنریٹ میں نام نہاد زرد لکیر کے مغرب میں جاری قابض اسرائیل کا فوجی آپریشن ایسے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے جہاں چھ پناہ گزین مراکز قائم ہیں اور ان میں 5260 افراد مقیم ہیں، اس کے علاوہ نشانہ بننے والے علاقے کے گرد و نواح کے مراکز اور علاقوں میں بھی بڑی تعداد میں بے گھر افراد موجود ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بے گھر خاندان فوجی کارروائیوں کے باعث شدید خوف و ہراس کی کیفیت میں مبتلا ہیں، اور خبردار کیا کہ ان کارروائیوں کا تسلسل مزید شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور کر سکتا ہے جبکہ انہیں سمونے کے لیے کوئی محفوظ مقام یا متبادل پناہ گزین مراکز دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال کی ابتر کیفیت کے پیش نظر خاندانوں کو سردی اور سخت موسمی حالات سے بچانے والی کسی پناہ گاہ کے بغیر سڑکوں پر رات گزارنے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔

محمود بصل نے اس خطرے سے بھی آگاہ کیا کہ وسطی گورنریٹ کے نواح میں فوجی دراندازی کا تسلسل شہروں کے اندر دیگر علاقوں کی جانب اس کی توسیع کی راہ ہموار کر سکتا ہے جس سے شہری مزید دور دراز علاقوں کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوں گے اور قتل و غارت، نشانہ بنانے اور فوجی دراندازی کی مسلسل کارروائیوں کے سائے میں ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات دوچند ہو جائیں گے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ وسائل، آلات اور مشینری کی شدید قلت کے نتیجے میں شہری دفاع کے عملے کو مدد کی پکار پر لبیک کہنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں تک ان کی رسائی اور فوری انسانی امدادی کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت محدود ہو گئی ہے۔

محمود بصل نے جنگ بندی معاہدے کے ثالثوں، ضامن اداروں اور تمام متعلقہ فریقوں سے غزہ میں شہریوں کی تکالیف کے خاتمے کے لیے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے امن کونسل، اس کے نمائندے نکولائی ملادینوف اور امریکی انتظامیہ کو غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے اقدام کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

واضح رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کو وسطی غزہ کی پٹی میں صلاح الدین شاہراہ کے اطراف میں فوجی جارحیت شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جو 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو نافذ العمل ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی ایک نئی خلاف ورزی ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan