اسرائیلی حکام نے فلسطینی شہریوں کی اراضی ہتھیانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی توسیع کے لیے صہیونی بلڈوزروں نے ضلع سلفیت کے علاقے دیر استیا اور حارس کی اراضی نئی یہودی بستی ’’رفافا‘‘ کی تعمیر کے لیے کھدائیاں شروع کر دی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی بلڈوزروں نے مرکزی شاہراہ کے قریب واقع اس علاقے میں سیکڑوں ایکڑ زمین بلڈوز کر ڈالی ہے۔ کھدائیوں کا مقصد نئی رہائشی یونٹس کی بنیادیں تعمیر کرنا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے ماہ کے آخر میں تعمیرات پر لگی جزوی پابندی کے خاتمے کے ساتھ ہی سلفیت میں جاری اس تعمیراتی کام کے علاوہ مغربی کنارے کے ہر ضلع میں متعدد رہائشی منصوبوں پر کام تیزی سے شروع کردیا گیا ہے۔