رام اللہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی اسیران و محررین کے امور کی اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق النقب جیل میں قید ایک فلسطینی اسیر کا وزن 39 کلوگرام کم ہو گیا ہے جبکہ ایک دوسرا اسیر دل کے مرض اور مہروں کی تکلیف میں مبتلا ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم نہیں کیا جا رہا۔ رپورٹ میں خارش کی بیماری کے پھیلاؤ اور صفائی کے لوازمات و طبی دیکھ بھال کی عدم دستیابی کے ساتھ متعدد اسیران کی بگڑتی ہوئی صحت کا انکشاف کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کی یہ رپورٹ اس کے وکلا کی جانب سے متعدد بیمار اسیران سے کی گئی ملاقاتوں پر مبنی ہے جس میں ایسے کیسز کو دستاویزی شکل دی گئی ہے جن میں دائمی اور جلدی امراض کے ساتھ وزن میں غیر معمولی کمی یکجا ہو گئی ہے اور حراست کے حالات متعدی امراض اور مریضوں کی تکالیف میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
اتھارٹی نے بتایا کہ مغربی رام اللہ کے قصبے خربثا المصباح سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ اسیر قیس الہبل شدید خارش یعنی اسکیبیز میں مبتلا ہیں جس کے ساتھ ان کے جسم پر پھوڑے پھیل چکے ہیں اور گرفتاری سے قبل 100 کلوگرام رہنے والا ان کا وزن اب کم ہو کر 61 کلوگرام رہ گیا ہے جو ان کے سابقہ وزن میں 39 فیصد کمی کے برابر ہے۔
رپورٹ میں طولکرم شہر سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ اسیر مصطفیٰ ابو الفیہ کی بگڑتی ہوئی صحت کا بھی انکشاف کیا گیا ہے جو مہروں کی تکلیف اور دل کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کا وزن تقریباً 14 کلوگرام کم ہو چکا ہے۔
اتھارٹی نے ان کے فوری علاج کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جیل انتظامیہ پر ان کی صحت سے لاپروائی برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ابو الفیہ انتظامی حراست کے تحت قید ہیں اور ان کی حراست کا موجودہ حکم نامہ دو جنوری سنہ 2027ء کو ختم ہوگا بشرطیکہ قابض حکام اس میں توسیع نہ کریں۔
اسی تناظر میں اتھارٹی نے مقبوضہ بیت المقدس کے قصبے العیساویہ سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ اسیر عمر عیساوی اور بیت المقدس ہی کے 27 سالہ اسیر مفید سعید کے خارش میں مبتلا ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔
اتھارٹی نے کہا کہ اسیران انتہائی کٹھن طبی اور ماحولیاتی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں ذاتی صفائی کے لوازمات غائب ہیں اور بنیادی اشیا کی شدید قلت ہے جس سے جلدی امراض اور متعدی بیماریوں کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ دانستہ طبی غفلت کی پالیسی اور ضروری دیکھ بھال کی عدم دستیابی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یہ بیانات فلسطینی اسیران کلب کی جانب سے رواں ماہ آٹھ نومبر کو جاری کردہ ایک بریفنگ کے چند روز بعد سامنے آئے ہیں جس میں قانونی ٹیموں سے ملاقات کرنے والے اسیران اور رہا ہونے والے افراد کی شہادتوں کی بنیاد پر اندازہ لگایا گیا تھا کہ بچوں سمیت تقریباً 80 فیصد مرد و خواتین اسیران خارش میں مبتلا ہیں اور مرض کے پھیلاؤ کے اسباب دور کرنے کے لیے مؤثر علاج و ضروری اقدامات ناپید ہیں۔
خصوصاً النقب جیل کے حوالے سے کلب نے نشاندہی کی کہ غسل خانوں کی تنصیبات میں بڑی خرابی کے باعث بعض وارڈز میں نہانے کا بحران شدید ہو گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ گنجائش سے زیادہ رش اور کپڑوں کی قلت بھی درپیش ہے۔
کلب نے ان شہادتوں کو بھی نقل کیا ہے جن کے مطابق دن کے اوقات میں گدے اٹھا لیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اسیران فرش یا لوہے کے پلنگوں پر بیٹھنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور اس سے مریضوں و معمر افراد بالخصوص ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا اسیران کی تکالیف میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
کلب نے خوراک کی مسلسل قلت اور اسیران کی جسمانی ساخت کی کمزوری کے درمیان تعلق جوڑتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ کھانے کی مقدار اور معیار میں کوئی بہتری نہیں آئی اور ان حالات کے تسلسل کے نتیجے میں اسیران کے اجسام کی قوت برداشت پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات سے خبردار کیا۔
فلسطینی بیانات اقوام متحدہ کی انسداد تشدد کمیٹی کی جانب سے دسمبر سنہ 2025ء میں قابض ریاست کے حوالے سے جاری کردہ حتمی مشاہدات میں اٹھائے گئے خدشات سے ہم آہنگ ہیں جن میں وزن میں بے تحاشا کمی، قیدیوں کو بنیادی طبی دیکھ بھال و ادویات سے محروم رکھنے اور غیر مناسب حراستی حالات و بچاؤ اور علاج کے ناقص اقدامات کے سائے میں خارش پھیلنے کی رپورٹس پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ بروقت طبی دیکھ بھال اور ضروری ادویات فراہم کی جائیں، دائمی امراض میں مبتلا افراد پر خصوصی توجہ دی جائے اور متعدی بیماریوں سے بچاؤ، ان کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
