اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے حماس کی زیر حراست اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر حماس اور اسرائیل کے مابین رابطوں کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت کو ذرائع ابلاغ سے دور رکھا جا رہا ہے۔ اسرائیلی ریڈیو نے نیتن یاھو کے حوالے سے بتایا کہ ’’اسرائیل نے گیلاد شالیت کی رہائی کے حوالے سے مختلف نوعیت کے اقدامات اٹھئے ہیں، تاہم اس ضمن میں ہونے والے سب سے بڑی پیش رفت کو ذرائع ابلاغ کے سامنے نہیں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی سرخیوں میں گیلاد شالیت کے معاملے کی عدم موجودگی کا یہ معنی نہیں کہ اس عرصے میں ہم نے اس ضمن میں کوئی کام نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ 2006ء سے غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر حراست شالیت کی رہائی کے لیے مذاکرات بحال کیے گئے ہیں۔ نیتن یاھو نے کہا کہ حماس کے ساتھ منقطع تعلقات دوبارہ بحال ہو گئے ہیں۔ حماس سے نئے رابطے دو ہفتے قبل جرمنی واسطہ کار کی غزہ آمد کے موقع پر ہوئے ہیں۔