Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

الخلیل

مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد پر یورپی یونین کا سخت نوٹس

الخلیل ۔ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں یورپی یونین کے نمائندے سفیر اینڈریاس فیڈلر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف یہودی آباد کاروں کے حملوں کو فوری طور پر روکنے اور ان میں ملوث ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ الخلیل کے جنوب میں واقع مسافر یطا کے گاؤں ام الخیر کے دورے کے دوران ایک یورپی وفد کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے اس علاقے کو بند فوجی زون قرار دیے جانے کے بعد یورپی وفد کو مجبوراً یہ گاؤں چھوڑنا پڑا جس کے باعث وفد اپنا دورہ مکمل نہ کر سکا۔

سفیر فیڈلر نے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کا تشدد ہر صورت بند ہونا چاہیے، نیز انہوں نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ قابض اسرائیلی حکام فلسطینیوں پر حملوں میں ملوث یہودی آباد کاروں کا کڑا احتساب کریں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ یورپی یونین نے تشدد کی کارروائیوں میں ملوث یہودی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کی ہیں، اور ساتھ ہی غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کو مسترد کرنے کے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کے تحت سراسر غیر قانونی قرار دیا۔

انہوں نے خطے میں موجود فلسطینی آبادیوں کے لیے یورپی یونین کی مسلسل حمایت جاری رکھنے اور وہاں کے مکینوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتے رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

یورپی سفیر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں یہودی آباد کاروں کی غنڈہ گردی اور حملوں میں تیزی آ گئی ہے جن میں نہتے فلسطینی شہریوں، ان کی املاک اور زرعی اراضی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ قابض فورسز کے چھاپوں، جبری بے دخلی اور زمینوں پر غاصبانہ قبضے کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan