Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

اریحا اور بیت لحم میں فلسطینی شہریوں پر آبادکاروں کے حملے، ایک خاتون شہید

مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف یہودی آباد کاروں کی وحشیانہ کارروائیوں کے ایک نئے سلسلے کے دوران پیر کی شام اریحا شہر کے مغرب میں واقع گاؤں الدیوک التحتا میں یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی خاتون شہید اور چار دیگر شہری زخمی ہو گئے، جبکہ بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع قصبے تقوع میں ایک یہودی آباد کار کی گاڑی تلے کچلے جانے سے آٹھ فلسطینی زخمی ہوئے، اور مغربی اریحا میں ایک معصوم بچے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ الدیوک التحتا گاؤں میں یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے 60 سالہ فلسطینی خاتون فضہ محمد فہیدات شہید ہو گئیں۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے بتایا کہ اس کی امدادی ٹیموں نے چار دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جن میں سے تین افراد کو ران میں براہ راست گولیاں لگی ہیں اور ان میں ایک 65 سالہ بزرگ شہری بھی شامل ہیں، جبکہ چوتھا شخص گولی کے چھرے لگنے سے زخمی ہوا۔ امدادی عملے نے تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع نے واضح کیا کہ مسلح یہودی آباد کاروں نے گاؤں میں فلسطینی شہریوں کے گھروں کا محاصرہ کیا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔

اسی تناظر میں پیر کی شام بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع قصبے تقوع کی مرکزی شاہراہ پر خربہ الدیر کے علاقے میں ایک یہودی آباد کار کی گاڑی کی ٹکر سے آٹھ فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہودی آباد کار نے پہلے ایک ٹریفک حادثے کے مقام کے قریب جمع ہونے والے تین فلسطینیوں کو اپنی گاڑی تلے روندا، اور جب مقامی شہری زخمیوں کو بچانے کے لیے وہاں جمع ہوئے تو اس نے دوبارہ گاڑی چڑھا کر مزید پانچ افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں زخمیوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی۔

فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کی ٹیموں نے تمام زخمیوں کو بیت لحم گورنری کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا، جبکہ واقعے کے فوری بعد قابض اسرائیلی فوج نے قصبے پر دھاوا بول دیا اور مرکزی شاہراہ سمیت قصبے کے تمام داخلی راستوں کو بند کر دیا جس سے ٹریفک کا شدید بحران پیدا ہوا اور شہریوں کی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی۔

مغربی اریحا میں پیش آنے والے ایک الگ حملے میں یہودی آباد کاروں نے عقبہ جبر کیمپ چوک، وادی القلط اور الدیوک التحتا گاؤں کو ملانے والی سڑک پر گزرنے والے شہریوں اور گاڑیوں کا تعاقب کرنے کے بعد ایک فلسطینی بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ دو گاڑیوں میں سوار مسلح یہودی آباد کاروں نے سڑک پر فلسطینیوں کا پیچھا کیا اور پھر اس بچے کا راستہ روک کر اس پر وحشیانہ تشدد کیا۔ ذرائع نے نشاندہی کی کہ علاقے میں شہریوں اور ان کی گاڑیوں کا تعاقب کرنے اور ان پر حملہ کرنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

یہ وحشیانہ حملے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں یہودی آباد کاروں کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں سامنے آئے ہیں جس میں فائرنگ، گاڑیوں تلے روندنے، جسمانی تشدد، گھروں اور گاڑیوں پر حملوں کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی زمینوں اور املاک پر غاصبانہ قبضے کی وارداتیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ نومبر کے آغاز میں بھی یہودی آباد کاروں نے اسلحے کے زور پر الدیوک التحتا گاؤں میں آٹھ گھروں پر قبضہ کر لیا تھا اور تاحال ان پر قابض ہیں، جس کے باعث متعدد مکین اپنی املاک تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں اور علاقے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی توسیع کے شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

اکتوبر سنہ 2023ء میں غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کے آغاز سے ہی مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کے حملوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، جن میں قتل عام، شہریوں کو زخمی کرنا، جسمانی تشدد، املاک کی تباہی، زمینوں پر قبضہ اور مقامی آبادیوں کی جبری بے دخلی جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کی غنڈہ گردی اریحا اور بیت لحم میں صہیونی دہشت گردی فلسطینی شہریوں پر یہودی آباد کاروں کے حملے

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan