رام اللہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی اسیران کلب کے مطابق شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین سے صحافی محمد عتیق کی اتوار کی فجر گرفتاری کے بعد قابض اسرائیلی جیلوں میں قید صحافیوں کی تعداد بڑھ کر 38 ہو گئی ہے جن میں پانچ خواتین صحافی بھی شامل ہیں۔
کلب نے ایک اخباری بیان میں واضح کیا کہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے دو صحافی سات اکتوبر سنہ 2023ء سے اب تک جبری گمشدگی کا شکار ہیں اور ان کے انجام و حراست کے حالات کے بارے میں کوئی واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیلی حکام نابلس سے تعلق رکھنے والے صحافی سامر خویرہ کو گذشتہ ہفتے کے آخر میں رہائی کا عدالتی حکم جاری ہونے کے باوجود بدستور قید رکھے ہوئے ہیں کیونکہ استغاثہ نے ان کے خلاف انتظامی حراست کا حکم جاری کرنے کے امکان کا جائزہ لینے کے بہانے ان کی حراست میں 144 گھنٹے کی توسیع کی درخواست کی تھی۔
کلب کے مطابق صحافیوں کے تعاقب کا یہ سلسلہ سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں تک بھی پھیل گیا ہے جہاں قابض اسرائیلی حکام صحافی سعید حسنین کا تعاقب کر رہے ہیں اور ان کے صحافتی کام اور موقف کی بنیاد پر ان کے خلاف مقدمہ چلا رہے ہیں۔
جیل انتظامیہ نے خاتون صحافی بشریٰ الطویل کو دو ماہ سے زائد عرصے سے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے جہاں ان کی کوٹھری پر مسلسل چھاپے مارے جاتے ہیں، تشدد و بدسلوکی کی جاتی ہے اور آنسو گیس کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے ساتھ ساتھ قانونی ٹیموں کی ان سے ملاقاتوں میں بھی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔
کلب نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ اقدامات فلسطینی اسیران کو نشانہ بنانے کی ایک وسیع تر پالیسی کا حصہ ہیں جس میں جسمانی تشدد، اذیت رسانی، بدسلوکی اور بنیادی حقوق سے محرومی شامل ہے اور ساتھ ہی اس بات کی نشاندہی کی کہ جارحیت کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں 260 سے زائد صحافی شہید ہو چکے ہیں۔
کلب نے انسانی حقوق کے مقامی اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکنے، قید صحافیوں کی رہائی، جبری طور پر لاپتہ کیے گئے صحافیوں کا انجام سامنے لانے، بشریٰ الطویل کی قید تنہائی ختم کرنے اور ان تک قانونی ٹیموں کی رسائی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدام کریں۔