غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے قابض اسرائیلی حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بھوک مسلط کرنے کی منصوبہ بندی اور غزہ کی پٹی پر عائد محاصرہ مزید سخت کرنے کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں، حماس نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والی انسانی امداد کا حجم جنگ بندی کے معاہدے میں طے شدہ مقدار کے نصف سے بھی کم ہے۔
جماعت کے ترجمان حازم قاسم نے اتوار کے روز اخباری بیانات میں کہا کہ نام نہاد امریکی رابطہ مرکز کی جانب سے غزہ کی پٹی پہنچنے والی امداد کے حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ قابض اسرائیل محاصرے کو مزید سخت کرنے اور انسانی امداد کی ترسیل پر کنٹرول برقرار رکھنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جو جنگ بندی کے معاہدے کی شقوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
قاسم نے واضح کیا کہ امریکی مرکز کے اعداد و شمار میں شامل حقائق اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ قابض اسرائیل امداد کی طے شدہ مقدار کی پاسداری نہیں کر رہا اور غزہ کی پٹی میں ضروری اشیا کے داخلے پر پابندیاں برقرار رکھے ہوئے ہے جس سے پہلے سے ابتر انسانی اور معاشی حالات مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے جنگ بندی کے معاہدے کے ثالثوں، ضامن ممالک اور شرم الشیخ کانفرنس میں شریک ممالک کے ساتھ ساتھ متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض اسرائیل پر عملی دباؤ ڈالیں تاکہ اسے اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد اور انسانی امداد کی طے شدہ مقدار داخل کرنے کا پابند بنایا جا سکے۔
انہوں نے غزہ کی پٹی پر عائد محاصرہ ختم کرنے اور بغیر کسی پابندی یا رکاوٹ کے امدادی سامان و بنیادی ضروریات کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
