Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

فلسطین

قابض اسرائیلی محاصرے کے باوجود مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ، تقریباً 70 ہزار نمازیوں کی شرکت

مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں جمعہ کے روز قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اور پرانے شہر کے اطراف میں عائد سخت ترین فوجی پابندیوں کے باوجود تقریباً 70 ہزار نمازیوں نے نماز جمعہ ادا کی جبکہ غزہ کی پٹی پر نسل کشی کی جنگ کے آغاز سے جاری قابض اسرائیلی پابندیوں اور محاصرے کے باعث مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی مکین مقدس شہر تک پہنچنے اور مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے سے محروم ہیں۔

بیت المقدس میں محکمہ اوقاف اسلامی نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیل کی شدید پابندیوں اور بالخصوص پرانے شہر کے اطراف و مسجد کے دروازوں پر تعینات فوجی رکاوٹوں کے باوجود دسیوں ہزار افراد مسجد اقصیٰ پہنچنے اور وہاں نماز ادا کرنے میں کامیاب رہے جہاں قابض افواج نمازیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے اور ان کی رسائی محدود کرنے کے لیے مسلسل فوجی اقدامات مسلط کیے ہوئے ہیں۔

نمازیوں کی اتنی بڑی تعداد میں حاضری مسجد اقصیٰ پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی عکاسی نہیں کرتی کیونکہ بیت المقدس تک رسائی محض ان فلسطینیوں تک محدود ہے جو شہر کے اندر یا اس کے نواح سے وہاں داخل ہونے کی استطاعت رکھتے ہیں جبکہ مغربی کنارے کے مکین تاحال محدود اجازت ناموں اور استثنائی صورتوں کے سوا وہاں پہنچنے سے محروم ہیں۔

یہ پابندیاں بیت المقدس، اس کے مقدسات اور اس کے مکینوں کے خلاف قابض اسرائیلی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافے کے ساتھ سامنے آئی ہیں جن میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر دھاوے، شہر بدری اور گرفتاریوں کے احکامات، فلسطینی گھروں اور تنصیبات کی مسماری، یہودی بستیوں کی توسیع اور شہر کی عربی و اسلامی شناخت کو نشانہ بناتے ہوئے نئے زمینی حقائق مسلط کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینے والے اعداد و شمار

سنہ 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے تازہ ترین اعداد و شمار میں گورنری نے مسجد اقصیٰ المبارک پر 27830 یہودی آباد کاروں کے دھاؤں کا اندراج کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرفتاری کے 357 واقعات، مسماری و زمین ہموار کرنے کی 139 کارروائیاں اور شہر بدری کے 73 احکامات ریکارڈ کیے گئے جن میں اکثریت مسجد اقصیٰ سے بے دخلی کی تھی جبکہ اسی عرصے کے دوران چھ فلسطینی شہید بھی ہوئے۔

رپورٹ میں یہ بھی درج کیا گیا ہے کہ سیاحت کے نام پر 13113 افراد مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور اسی دوران قابض افواج کے تحفظ میں مسجد کے صحنوں کے اندر یہودی آباد کاروں کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیز حرکات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی میں بھی اضافہ ہوا۔

یہ اعداد و شمار بیت المقدس پر قابض اسرائیلی حملوں کے پھیلتے ہوئے دائرے کو بے نقاب کرتے ہیں جبکہ فلسطینیوں پر عائد پابندیاں اور انہیں اپنے شہر و مقدسات تک آزادانہ رسائی سے محروم رکھنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور مسجد اقصیٰ میں قائم تاریخی و قانونی حیثیت پر قابض اسرائیلی اقدامات کے تسلسل کے اثرات کے حوالے سے شدید خدشات پائے جاتے ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan