خان یونس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس کے مغرب میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کی ایک عمارت کو نشانہ بنانے والی قابض اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں جمعرات کی فجر کے وقت چھ شہری شہید اور 20 سے زائد دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ تازہ حملہ غزہ کی پٹی میں طبی مراکز اور عملے کو نشانہ بنانے کا ایک نیا وحشیانہ جرم ہے۔
شہدا میں 13 سالہ جہاد نعیم محمد ابو تیلخ، 52 سالہ ڈاکٹر رزق احمد ابراہیم ابو شعیرہ، 45 سالہ مراد توفیق محمود ابو ظریفہ، 28 سالہ سیف غازی مسلم ابو حطب، 53 سالہ خالد سلیمان ابراہیم ابو عنزہ اور 27 سالہ محمد نافذ موسیٰ ابو عواد شامل ہیں۔
غزہ کی پٹی میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ ناصر میڈیکل کمپلیکس کے اندر الیاسین عمارت پر قابض اسرائیل کی بمباری کے بعد امدادی ٹیموں نے چھ شہدا کے جسد خاکی نکال لیے ہیں اور 20 سے زائد زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ بمباری سے عمارت کی دوسری منزل کو شدید مادی نقصان پہنچا ہے جس کی زد میں انتہائی نگہداشت کا شعبہ اور خواتین، مردوں و امراض باطنہ کے جراحی وارڈز آئے ہیں۔ اس حملے کے باعث مریضوں اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں اور شہدا کے انخلا اور منتقلی کا عمل بھی جاری رہا۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس کو ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا گیا ہے جب غزہ کا شعبہ صحت قابض اسرائیل کے مسلسل حملوں، ادویات و طبی سامان کی شدید قلت اور نسل کشی کی جاری جنگ کے دوران ہسپتالوں و طبی مراکز کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث انتہائی دشوار حالات سے دوچار ہے۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس جنوبی غزہ کی پٹی کے نمایاں ترین طبی اداروں میں شمار ہوتا ہے جسے جنگ کے دوران قابض اسرائیل کے مسلسل حملوں اور چھاپوں کا سامنا رہا ہے جس سے اس کے مختلف شعبوں اور سہولیات کو شدید نقصان پہنچا اور مریضوں، زخمیوں و طبی عملے کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔
ہسپتالوں، طبی مراکز اور ان میں کام کرنے والے عملے کو نشانہ بنانے کے طویل سلسلے کے تحت یہ ساتواں موقع ہے جب قابض افواج نے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر بمباری کی ہے۔
قبل ازیں غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ سات اکتوبر سنہ 2023ء سے غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد بڑھ کر 74,653 اور زخمیوں کی تعداد 176,007 ہو گئی ہے۔ وزارت نے نشاندہی کی کہ امدادی ٹیموں کی رسائی میں دشواری کے باعث ہزاروں متاثرین تاحال ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں۔
