الخلیل میں القسام بریگیڈ کے دو مجاہدین نشات الکرمی اور مامون نتشہ کی شہادت کے خلاف غزہ میں نماز جمعہ کے بعد اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ہزاروں کارکن اور شہریوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کے مطابق جیسے ہی جمعہ کی نماز ختم ہوئی، مساجد سے غضبناک شہری اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف احتجاجی ریلیوں میں شریک ہو گئے۔ غزہ کی پٹی کے ہر ضلع، گاؤں اور شہروں میں احتجاجی مارچ کیے گئے۔ شہریوں نے القسام بریگیڈ کے معروف رہنماؤں کی شہادت پر فلسطینی مزاحمت کاروں سے منہ توڑ جواب کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے مغربی کنارے میں قائم فتح کی حکومت سے حماس کے خلاف اپنی گرفتاری مہم ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمت کاروں کا ساتھ نہ دیا گیا تو سمجھا جائے گا کہ فتح بھی اسرائیلی مظالم میں شریک ہے۔ ریلیوں کے شرکاء نے حماس کے علاوہ دیگر کئی مزاحمتی جماعتوں کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے جس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ فلسطین کی تمام مزاحمتی جماعتیں متحد ہیں۔