صہیونی انتہاء پسند جماعتوں کی جانب سے کی گئی اپیل کے بعد درجنوں متعصب یہودیوں کے گروہوں نے اپنی مذہبی تقریبات اور عبادات کی ادائیگی کے لیے مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا۔ بابرکت مسجد اقصی کے محافظین کے مطابق یہودی مسجد اقصی کے صحن میں کھلے عام پھر رہے ہیں۔ تلمودی تقریبات کی ادائیگی کے لیے صہیونی پولیس ان غاصب یہودیوں کا پورا ساتھ دے رہی ہے، مسجد اقصی کے مراکشی دروازے پر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد جمع ہے۔ یہ دروازہ سنہ 1967ء سے مکمل طور پر اسرائیل کے انتظام میں چلا گیا ہے، انتہاء پسند یہودیوں کے متعدد گروہ اس دروازے سے مسجد میں گھس گئے اور پولیس کی کڑی نگرانی میں مسجد اقصی کے صحن اور دیگر مقامات پر گشت شروع کر دیا۔