فلسطینی مجلس قانون ساز میں حماس کے رکن مشیر مصری نے کہا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس کے گناہوں کا کفارہ یہ ہے کہ وہ تمام عہدوں سے مستعفی ہو کر فلسطینی عوام سے معافی مانگیں- فلسطینی صدر نے جنیوا میں گولڈ سٹون رپورٹ کے حوالے سے جو کردار ادا کیا ہے وہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اپنی ہی عوام کے خلاف اسرائیل سے مل کر سازش میں مصروف ہے- مشیر مصری نے واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کو عالمی عدالت کے پھندے سے نکال دیا، جس پر فلسطینی عوام شدید غم و غصہ کا اظہار کررہی ہے- مشیر مصری نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے گولڈ سٹون رپورٹ پر بحث کو ملتوی کیے جانے کا اعتراف سیاسی منافقت کی بڑی دلیل ہے- فلسطینی اتھارٹی فلسطینی عوام سے جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے لیکن اب جرم کے انکشاف کے بعد وہ عوام کے غضب سے نہیں بچ سکتے-