گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فائرنگ میں ایک فلسطینی کی شہادت کے بعد اسرائیلی فوج نے شہر میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے ہیں، مسجد اقصی اور شہر کے تمام علاقوں میں اسرائیلی فوجی اہلکار گشت کر رہے ہیں۔ عبرانی ریڈیو کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں اور مختلف علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 05 اسرائیلی فوجی اور متعدد انتہاء پسند یہودی زخمی ہو گئے ہیں، زخمی فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ القدس کے نام نہاد پولیس چیف اھارون فرانکو کا کہنا ہے کہ صہیونی پولیس یہودیوں کی عید مظلہ کے موقع پر منعقد کیے جانے والی کسی تقریب کو منسوخ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ واضح رہے کہ عید مظلہ یہودیوں کا ایک مذہبی تہوار ہے جو ستمبر اور اکتوبر میں ایک ہفتے تک منایا جاتا ہے۔ یہودی اس موقع پر اپنے بیت المقدس میں موجود اپنے معبد میں عبادت کرتے ہیں۔