شام کے ذرائع ابلاغ کے مطابق محصورین غزہ کے لیے 650 ٹن امدادی سامان لیکر شامی بحری جہاز نے غزہ کی جانب سفر شروع کر دیا۔ اہل غزہ کی نصرت اور ان کے چار سالہ ظالمانہ اسرائیلی محاصرے کو توڑنے کے لیے روانہ یہ جہاز ہفتہ کے روز طرطوس کی بندرگاہ سے روانہ ہوا۔ذرائع نے شام میں ریڈ کراس امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر بشار الشعار کے حوالے سے بتایا ہے کہ محصورین غزہ سے اظہار یک جہتی کرنے والے اس جہاز میں 650 ٹن امدادی سامان ہے جس میں 40 ٹن طبی سازو سامان بھی شامل ہے۔ یہ سامان شامی قوم کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کے لیے اظہار ہمدردی کی ایک چھوٹی سی نشانی ہے۔ الشعار نے واضح کیا کہ شامی قوم نے اس خیراتی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے بالخصوص سول سوسائٹی اور تاجر برادری کا جذبہ قابل ستائش تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس امدادی سامان سے اہل غزہ کی تکالیف میں قدرے کمی ضرور آئے گی۔