چار سال سے جاری غزہ کا اسرائیلی محاصرہ توڑنے کے لیے لندن سے امدادی قافلہ آج روانہ ہو رہا ہے۔ برطانوی سرگرم سیاستدان جارج گیلوے کی سربراہی میں ’’لائف لائن 5‘‘ نامی قافلے میں 200 امدادی سامان پر مشتمل گاڑیاں اور 400 رضا کار خشکی کے راستے غزہ پہنچیں گے۔ محصورین غزہ کی مدد کے لیے بنائی جانے والی ’’ویوا پیلسٹینا‘‘ نامی تنظیم کے میڈیا ترجمان زاھر بیراوی نے بتایا کہ قافلہ دریا تھیمز کے قریب سے روانہ ہو گا، قافلہ سب سے پہلے فرانس جائے گا جہاں پر ایک رات قیام ہو گا۔ اس دوران بہت سے تنظیموں کے رضا کار قافلے میں شامل ہونگے۔ اگلے مرحلے میں قافلہ لیون، اٹلی اور یونان سے ہوتا ہوا ترکی اور پھر یہاں سے شام جائے گا، توقع کے مطابق قافلہ اگلے ماہ کی ایک یا دو تاریخ کو شام پہنچ جائے گا۔ بیراوی نے بتایا کہ یورپی ۔ برطانوی امدادی قافلہ شام کے شہر لاتاکیہ میں عرب، افریقا اور خلیج کے کئی ممالک اور اردن سے محصورین غزہ سے محبت کرنے والے افراد قافلے میں شریک ہونگے۔ اس طرح قافلے میں کل 200 گاڑیاں اور 400 رضاکار مصری بندرگاہ العریش کے سفر کے لیے تیار ہونگے۔ قافلہ غزہ سے ملحق مصری سرحد پر قائم رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ داخل ہو گا۔ مصری حکام کی جانب سے شرکاء قافلہ کو رفح کراسنگ عبور کرنے کی اجازت سے متعلق بات کرتے ہوئے بیراوی کا کہنا تھا کہ اب تک اس سلسلے میں مصری حکام سے رابطہ نہیں ہوا۔ ہمارے اس سارے پروگرام کی بنیاد اسی بات ہے کہ غزہ کے اسرائیلی محاصرے کے اول روز سے ہی رفح پھاٹک کھلا ہوا ہے۔ شام پہنچنے کے بعد قافلے کی مصر روانگی کی حتمی شکل سامنے آجانے کے بعد ہم متعلقہ مصری حکام سے رابطہ کریں گے تاکہ مصری حکام سے بات چیت کے دوران ہم اپنی اس رفاہی اور انسانی مہم کی پوری تفصیلات پیش کرنے پر قادر ہوں۔