اسرائیلی فوج کی کارروائی میں شہید ہونے والے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر ایاد شلبایہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نور شمس مہاجر کیمپ، طولکرم اور دیگر مضافاتی علاقوں کے ہزاروں فلسطینی حماس کے جھنڈے میں لپٹے ان کے جسد خاکی کو کندھا دینے کے لیے بے تاب نظر آئے۔ ایک اندازے کے مطابق جنازے میں پندرہ ہزار افراد نے شرکت کی۔ شرکاء جنازہ نے صہیونی فوج کی جانب سے اس مذموم کارروائی کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر فلسطینی رہنماؤں نے ’’فتح‘‘ حکومت کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور اس کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر کڑی تنقید کی اور فلسطینی اتھارٹی کو بھی ان کی شہادت کا برابر کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ادھر مقامی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی کارروائی سے کچھ دیر قبل عباس ملیشیا نے اسرائیلی فوج کے آپریشن سے قبل علاقہ خالی کردیا تھا، کارروائی مکمل ہونے تک ملیشیا اپنے دفتر میں گھسی رہی۔ دوسری جانب مقامی ذرائع کے مطابق جنازے کے موقع پر پورے طولکرم ضلع میں عباس ملیشیا اور اسرائیلی فوج گشت کرتی رہیں، سکیورٹی اہلکاروں نے جنازے میں شرکت کرنے والوں کے رستے میں جگہ جگہ رکاوٹٰیں کھڑی کر رکھی تھیں۔