مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کی پٹی میں سیکیورٹی باڑ کی تنصیب کے خلاف مظاہرہ کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر مشین گنوں سے فائرنگ کر دی۔ عینی شاہدوں نے بتایا کہ مظاہرین نے غزہ کی پٹی میں سیکیورٹی دیوار کی تعمیر کے خلاف بیت حانون “ایرز”کراسنگ کی جانب مارچ کیا۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منگل کے روز نکالی گئی پرامن احتجاجی ریلی میں غیر ملکی رضاکار بھی شریک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھامے شرکائے ریلی جونہی بیت حانون کراسنگ کے پاس پہنچے تو زیر زمین سرنگوں میں چھپے بیٹھے اسرائیلی فوجیوں نے ان پر براہ راست اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد فوری طور پرایمبولینس جائے وقوعہ کی جانب جاتی دیکھی گئیں تاہم کسی کے جائے حادثہ سےہسپتال منتقلی کے بارے میں تصدیق نہیں ہو سکی۔